جنگ بندی کا معاہدہ ہونے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزة میں خیموں، شیلٹر کٹس، ایندھن اور عارضی مکانات سمیت ضروری انسانی امداد کی فراہمی مسلسل روکی جا رہی ہے، جس کے باعث بے گھر ہونے والے فلسطینی شدید سردی، بارانی پانی کے بھراؤ اور جان لیوا حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔
پاکستان نے غزة کے مظلوم عوام تک بنیادی انسانی امداد کی رسائی روکنے کے اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ عمل جنگ بندی کے معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس نے پہلے سے موجود انسانی بحران کو مزید بھیانک بنا دیا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے ڈپٹی اسپیشل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رامز الاکبروف نے بھی اسرائیلی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہری ہلاکتوں، طبی سامان کی تباہی اور سویلین انفراسٹرکچر کے نقصان کی سخت مذمت کی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق غزة میں 5 لاکھ 64 ہزار بچے انتہائی مخدوش اور تبا ہ کن شیلٹر حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ سردیوں کی بارشوں نے بے گھر افراد کے کیمپوں کو ڈبو دیا ہے، جبکہ غزة کی 58 فیصد آبادی (تقریباً 12 لاکھ افراد) بدترین پناہ گاہی بحران کی زد میں ہے۔
معاہدے کے تحت وعدہ کیے گئے کاروان اور بارڈر پر موجود امدادی سامان، خیمے اور ایندھن اسرائیل کی مسلسل رکاوٹوں کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں۔ اس وقت 4 لاکھ 64 ہزار افراد سیلابی خطرے سے دوچار سائٹس پر مقیم ہیں۔
امدادی بحران کی وجہ سے 84 فیصد خاندان اپنے خیموں کو گرم رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، جبکہ 48 فیصد افراد کھانا پکانے کے لیے پلاسٹک، ٹائر اور کوڑا کرکٹ جلانے پر مجبور ہیں، جس سے نکلنے والا زہریلا دھواں تنفس کی بیماریوں اور کاربن مونو آکسائیڈ پوائزننگ کا سبب بن رہا ہے۔
عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل سے بنیادی انسانی امداد کی بلا مشروط اور فوری فراہمی یقینی بنائے اور شہری بقا کے لیے ضروری سامان کی روک تھام پر اسرائیل کا محاسبہ کرے۔





