خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس نے چنغوص چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس اہلکاروں نے رات بھر مقابلہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ حملے میں چیک پوسٹ کا مرکزی دروازہ تباہ جبکہ عمارت اور چار دیواری کو شدید نقصان پہنچا۔
ڈی پی او کرک کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے رات گئے چنغوص پولیس چیک پوسٹ کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کا مرکزی دروازہ تباہ ہوگیا جبکہ عمارت اور چار دیواری کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے پوری رات حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور انہیں اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
ڈی پی او کرک فضل واحد کی نگرانی میں واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے علاقے میں سکیورٹی اقدامات بھی مزید سخت کر دیے ہیں۔





