امریکی ایوان نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد مسترد کر دی۔ قرارداد کے حق میں 204 اور مخالفت میں 211 ووٹ آئے۔ ان کے خلاف یہ کارروائی ایران کے شہر میناب میں اسکول پر امریکی حملے میں بچوں اور دیگر شہریوں کی ہلاکتوں کے الزامات پر شروع کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
پیٹ ہیگسیتھ کے مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی۔ تاہم، ایوان نمائندگان میں مطلوبہ حمایت نہ ملنے کے باعث قرارداد مسترد ہو گئی۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایران کے شہر میناب میں اسکول پر امریکی حملے کے دوران مسلسل تین ٹام ہاک میزائل داغے گئے، جن کے نتیجے میں 120 بچے، 26 اساتذہ، سات والدین، ایک بس ڈرائیور اور چھ ماہ کی حاملہ خاتون ٹیچر ہلاک ہوئیں۔
مواخذے کی قرارداد میں ہیگسیتھ پر امریکی آئین کی خلاف ورزی اور اپنے عہدے کے غلط استعمال کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں پریس بریفنگ کے دوران مواخذے کی کوشش کو تماشا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو معزول نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکی فوجی کارروائیاں قانونی حیثیت رکھتی ہیں اور مواخذے کی قرارداد ان کے خلاف بے اثر رہے گی۔
ٹرمپ کی وزیر جنگ کی حمایت
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیٹ ہیگسیتھ کا دفاع کیا اور ان کے مواخذے کا مطالبہ کرنے والے ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے میسی کو ناکام اور بیمار ذہنیت کا حامل شخص قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہیگسیتھ نے دو جنگیں جیتی ہیں اور وینزویلا اور ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کو کامیابی سے سنبھالا ہے۔





