مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں میر بازار کے قریب سیکورٹی چیک پوسٹ پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے حملہ کر کے سی آر پی ایف کے اہلکاروں کو شدید زخمی کر دیا۔ واقعہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ ابتدائی اطلاعات میں حملہ آوروں کی شناخت، تعلق اور مقصد کے بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
مقبوضہ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی کولگام میں موجودگی اور دن دہاڑے چیک پوسٹ پر حملے نے بھارتی سیکورٹی فورسز اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے “حالات معمول پر ہونے” کے جھوٹے دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔ اپنی شدید ناکامی اور سیکورٹی لیپس کو چھپانے کے لیے بھارتی وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس اور سی آر پی ایف کی ہنگامی پریس کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔
حسبِ روایت، تحقیقات کے آغاز، سی سی ٹی وی کیمروں کی مکمل جانچ پڑتال اور کسی بھی باضابطہ تصدیق سے پہلے ہی بھارتی میڈیا اور ریٹائرڈ جنرلوں نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی۔ ریپبلک ٹی وی اور ٹائمز ناؤ جیسے بھارتی گودی میڈیا نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان مخالف زہریلا پروپیگنڈا نشر کرنا شروع کر دیا، جس کا مقصد محض اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنا ہے۔
یہ بات انتہائی اہم ہے کہ کسی سرکاری اعلامیے، ایف آئی آر یا کسی تحریری رپورٹ میں پاکستان کا نام شامل نہیں، کیونکہ سرکاری سطح پر الزام عائد کرنے کے لیے ثبوت درکار ہوتے ہیں جو بھارت کے پاس موجود ہی نہیں ہیں۔ یہ روایتی کہانی صرف میڈیا اینکرز اور ریٹائرڈ فوجی افسران کے ذریعے سکرپٹ کی گئی ہے۔ پاکستان نے بھارتی میڈیا کے اس من گھڑت پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت ثبوت پیش کرے یا پھر بے بنیاد الزامات سے گریز کرے۔





