سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے، تاہم ان کا ملبہ شہر کے نواحی علاقوں میں گرا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی سول ڈیفنس نے جمعرات کی علی الصبح جاری بیان میں بتایا کہ میزائلوں کو روکنے کے بعد ان کا ملبہ دو مختلف مقامات پر گرا۔ سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے ان مقامات کی نشاندہی صبوحہ گاؤں اور وادی المغمس کے نام سے کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صبوحہ گاؤں مسجد الحرام سے تقریباً 35 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے، جبکہ وادی المغمس کا فاصلہ مسجد الحرام سے تقریباً 21 کلومیٹر مشرق میں ہے۔
سعودی سول ڈیفنس نے میزائل حملوں کا الزام حوثی ملیشیا پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہری مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
دوسری جانب حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے اس الزام پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی واقعے کی آزادانہ تصدیق ہوسکی ہے۔





