ڈیرہ اسماعیل خان اور صوابی میں پولیس پر حملوں کے دو واقعات میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا، جبکہ ڈی آئی خان میں بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن سے ٹکرانے کے نتیجے میں قریبی مسجد شہید ہوگئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے بندکورائی میں دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن کے گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے سے تھانے کا گیٹ اور دیوار منہدم ہوگئی، جبکہ قریبی مسجد اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ واقعے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ ایس پی پھاڑ پور، ڈی ایس پی اور مقامی افراد نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا، تاہم وہ اندھیرے اور جنگل کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب صوابی میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او وقاص رفیق کے مطابق واقعہ پولیس چوکی منصوری کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔
زخمی اہلکار اور شہدا کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔





