صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان نواب شاہ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی امور، ملکی سکیورٹی صورتحال اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ ملاقات کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی زرداری ہاؤس سے ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری گزشتہ 10 روز سے سندھ میں قیام پذیر ہیں۔ اس دوران انہوں نے ٹھٹہ، سجاول اور ٹنڈو الہ یار کے اضلاع کے دورے بھی کیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے، اگر عوام صوبے بنانے کے حق میں ہوں تو نئے صوبے قائم کر دیے جائیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں، جبکہ نئے صوبوں سے متعلق کوئی بھی فیصلہ تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔





