بین الاقوامی صحافت اور انسانی حقوق کے مباحث میں غیر جانبداری کو بنیادی اصول مانا جاتا ہے، لیکن جب یہی اصول مخصوص سیاسی اور تجارتی مفادات کی بھینٹ چڑھ جائیں تو ان کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے اور یورپی جریدے ’ای یو ٹوڈے‘ کے ایڈیٹر گیری کارٹ رائٹ کا طرزِ عمل اس کی ایک واضح مثال ہے۔
گیری کارٹ رائٹ نے مسلسل پاکستان کو جی ایس پی پلس کے معاملے پر ہدفِ تنقید بنایا ہے، جہاں انسانی حقوق کی بہتری کے لیے آواز اٹھانا خوش آئند ہے مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہی سخت پیمانے دیگر ممالک کے لیے کیوں فراموش کر دیے جاتے ہیں۔ ب
رطانوی رائل ایرفورس کے سابق فوٹوگرافی آپریٹر کا یہ اندازِ صحافت تصویر کے صرف ایک رخ کو نمایاں کرتا ہے جبکہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تناظر میں پاکستان کے خلاف مسلسل تجارتی مراعات ختم کرنے کی مہم چلاتے ہوئے دوسری حقیقتوں کو پسِ پشت ڈال دیتا ہے۔
جہاں ایک طرف پاکستان کو کٹہرے میں کھڑا کیا جاتا ہے، وہیں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر پراسرار خاموشی طاری رہتی ہے حالانکہ وہاں تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ افراد جدید غلامی کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔ صرف 2024ء کے دوران خواتین کے خلاف 4 لاکھ 41 ہزار سے زائد جرائم اور 29 ہزار 536 ریپ کیسز درج ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملے، جبری مشقت، انسانی اسمگلنگ اور مذہبی مقامات کی مسماری معمول بن چکی ہے۔
ایک دعوے کے مطابق وہاں 861 مسلم مذہبی عمارتیں مسمار کی گئیں جن میں 57 مساجد بھی شامل ہیں، اور 2002ء کے گجرات مسلم کش فسادات کے تناظر میں بھارتی وزیراعظم پر تنقید کی جاتی رہی ہے، لیکن اس کے باوجود یورپی یونین نہ صرف بھارت کو تجارتی مراعات دیتی ہے بلکہ نئے تجارتی معاہدوں کی طرف بھی پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔
گیری کارٹ رائٹ کا دوہرا معیار صرف جنوبی ایشیا تک محدود نہیں ہے، بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات میں بھی ان کا کردار متعصبانہ رہا ہے کیونکہ فلسطین میں اسرائیلی کارروائیوں اور معصوم بچوں سمیت ہزاروں شہریوں کی ہلاکتوں پر جب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسے نسل کشی قرار دیا تو دنیا سراپا احتجاج بن گئی، مگر اس کے باوجود گیری کارٹ رائٹ نے اسرائیل پر پابندیوں کی مخالفت کی اور مختلف ممالک کی جانب سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے فیصلوں پر تنقید کی۔
ان تمام حقائق کے بعد یہ سوال شدت سے ابھرتا ہے کہ انسانی حقوق کے نام پر اس طرح کے سلیکٹو بیانیے کے پیچھے کون سے مالی اور سیاسی مفادات کارفرما ہیں اور کیا انسانی حقوق کے پیمانے جغرافیہ اور مفادات کی بنیاد پر بدلے جائیں گے۔
اصل ضرورت اس امر کی ہے کہ بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا ادارے دوہرے معیار کو ترک کریں، تمام ممالک پر اصولوں کا یکساں اطلاق کریں اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر منصفانہ مؤقف اپنائیں۔





