کینیا کے ساحلی علاقے کولوے میں 3.6 ارب شلنگ مالیت کی میتھ ایمفیٹامین منشیات کی برآمدگی کے بعد کینیا کے محکمہ تفتیشِ جرائم کے ابتدائی اور غیر تصدیق شدہ بیانات کی آڑ میں پاکستان کے خلاف ایکا ایکا منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا گیا ہے، جسے دفاعی و سکیورٹی ماہرین نے پاکستان کا نام عالمی سطح پر بدنام کرنے کی ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔
کینیا کے حکام کے اپنے اعلانات کے مطابق یہ کارروائی اور کھیپ ستمبر میں بحرِ ہند کے جہاز ایم وی مشاللہ سے پکڑی جانے والی منشیات کے نیٹ ورک سے بالکل الگ ہے، جس کا تعلق براہِ راست ایران سے جوڑا گیا تھا اور دونوں کھیپوں کی پیکنگ میں واضح فرق بھی مختلف اور غیر متعلقہ ذرائع کی نشاندہی کرتا ہے۔
مفاد پرست عناصر پاکستان دشمن ایجنڈے کے تحت اس واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ کینیا کے پولیس ڈائریکٹر محمد امین خود یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ اس کارروائی میں گرفتار ہونے والے مرکزی ملزمان میں کینیا اور تنزانیہ کا مطلوب اسمگلر باسل مین صالح خامس، یوگنڈا کی شہری ناکابوگو زوریقہ اور تنزانیہ کا باشندہ حمد سیف سعید شامل ہیں، جن میں سے ایک کا بھی پاکستان سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کینیا اور تنزانیہ کی مشترکہ کارروائی اور مقامی نیٹ ورکس کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ منشیات کا بین الاقوامی سمندری مافیا ہے جو افریقی ممالک کی مقامی بندرگاہوں اور غیر قانونی راستوں کو استعمال کر رہا ہے، اور اس میں کسی بھی پاکستانی شہری یا ادارے کے ملوث ہونے کا کوئی دستاویزی ثبوت موجود نہیں ہے۔
پاکستان دنیا بھر میں منشیات کے خلاف جنگ میں سب سے آگے اور فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے، جس نے ملک کے اندر اور باہر منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائیاں کی ہیں، اس لیے کینیا کے مبہم اور ابتدائی دعووں کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف کی جانے والی میڈیا مہم حقیقت سے کوسوں دور اور محض من گھڑت پروپیگنڈا ہے۔





