سفارتی و معاشی مبصرین کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات یک طرفہ احسانات کے بجائے باہمی مفادات اور مساوی شراکت داری کی بنیاد پر استوار ہیں، جہاں واشنگٹن کو ایک حساس خطے میں اہم شراکت دار ملتا ہے جبکہ پاکستان کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خطے میں ایران کے ساتھ رابطے کا معاملہ ہو، دہشت گردی کے خلاف کئی دہائیوں پر محیط فرنٹ لائن کردار ہو یا چین کے اثر و رسوخ سے ہٹ کر اہم معدنی وسائل تک رسائی، پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی افادیت ثابت کی ہے جو کسی انحصار کے بجائے پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ریکوڈک منصوبے کے لیے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی جانب سے 1.25 ارب ڈالر کی مالی معاونت کوئی امداد نہیں بلکہ منافع بخش سرمایہ کاری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ خطرات کے بجائے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد معاشی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔
مبصرین اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، چین اور خلیجی خطے کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث خطے میں کوئی بھی امریکی حکمت عملی پاکستان کو نظر انداز کر کے کامیاب نہیں ہو سکتی، کیونکہ پاکستان کا جغرافیہ اسے قدرتی اہمیت دیتا ہے اور شراکت داری اس قدر میں مزید اضافہ کرتی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ 25 کروڑ آبادی، ایٹمی صلاحیت، معدنی وسائل اور علاقائی رسائی رکھنے والا پاکستان واشنگٹن سے کسی سرپرستی کا طلب گار نہیں بلکہ باہمی احترام پر مبنی شراکت داری کی پیشکش کر رہا ہے۔
تجارتی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستانی مصنوعات پر امریکہ کی جانب سے عائد 19 فیصد ٹیرف خطے میں کم ترین سطح پر ہے، جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو مسابقتی برتری حاصل ہے اور امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات ٹیکسٹائل کے آرڈرز، روزگار اور زرمبادلہ میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات اب امداد کے دائرے سے نکل کر سرمایہ کاری کی طرف بڑھ چکے ہیں، جس کی مثال معدنیات کے شعبے میں 50 کروڑ ڈالر کی مفاہمتی یادداشت اور ریکوڈک منصوبے کی مالی معاونت ہے۔
تاریخ کے تناظر میں تجزیہ کاروں نے واضح کیا ہے کہ سوویت یونین کے خلاف جنگ ہو، نائن الیون کے بعد کے حالات ہوں یا موجودہ علاقائی معاملات، دونوں ممالک کو کامیابی ہمیشہ باہمی تعاون سے ملی ہے، اس لیے یک طرفہ دباؤ کے بجائے روابط اور مشترکہ مفادات ہی پائیدار تعلقات کی ضمانت ہیں۔





