امریکی جریدے فارن پالیسی اِن فوکس میں 12 نومبر 2026 کو شائع ہونے والے مَہ لقا صمدانی کے مضمون پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں ناقدین نے اس تحریر کو غیر جانبدار تجزیے کے بجائے ایک موقع پرستانہ اقدام اور پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
تنقیدی جائزے کے مطابق، امریکی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی حالیہ کامیابی کے فوراً بعد اس مضمون کی اشاعت ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد نئی کانگریس کو ٹرمپ انتظامیہ پر تنقید کے لیے پاکستان کے نام پر ایک نیا محاذ فراہم کرنا ہے۔
صمدانی نے اپنے مضمون میں امریکی کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور فوجی عدالتوں کے خاتمے تک پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کے پرزوں کی فراہمی، فوجی تربیتی پروگرام اور سفارتی حمایت کو مشروط کیا جائے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کے پاکستان سے تعلقات کی تحقیقات بھی کرائی جائیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مطالبات جمہوریت کی فکر سے زیادہ واشنگٹن میں ذاتی اہمیت بڑھانے کے لیے پاکستان کو ایک سیڑھی کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش ہیں۔
مضمون میں فیلڈ مارشل عاصم منیر پر واشنگٹن کے اعتماد کو غلط قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی فوج خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی روکنے میں ناکام رہی ہے، جس سے ریکوڈک منصوبے میں 1.25 ارب ڈالر کی امریکی سرمایہ کاری خطرے میں پڑ گئی ہے اور چین کے ساتھ قربت بڑھی ہے۔
تاہم، ناقدین کے مطابق مصنفہ اس بنیادی حقیقت کو نظر انداز کر رہی ہیں کہ پاکستان نے سکیورٹی اسٹیٹ کا انتخاب خود نہیں کیا بلکہ خطے کی جغرافیائی صورتحال نے اسے مسلسل سکیورٹی چیلنجز سے دوچار رکھا ہے۔
تبصرہ نگاروں نے اس تحریر کے وقت کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور داعش خراسان افغانستان میں موجود اپنی پناہ گاہوں سے حملوں میں تیزی لا رہی ہیں۔
ایسے نازک موڑ پر پاکستان کی انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیت کو کمزور کرنے، اسلحے کے پرزے روکنے اور عسکری قیادت کو تنہا کرنے کا فائدہ جمہوریت پسندوں یا بلوچ ماؤں کو نہیں بلکہ خیبر اور چاغی میں سکیورٹی قافلوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد عناصر کو پہنچے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کو فوجی کارروائیوں کا نتیجہ قرار دینا زمینی حقائق کے برعکس ہے کیونکہ پاکستان اس جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دے چکا ہے، جبکہ افغانستان میں طالبان کی واپسی دوحہ معاہدے اور امریکی انخلا کے نتیجے میں ہوئی تھی۔ اسی طرح ریکوڈک منصوبے کو ناکامی سے جوڑنا بھی بے بنیاد ہے کیونکہ امریکی ایگزم بینک نے پاکستان کی صلاحیت پر اعتماد کرتے ہوئے اس منصوبے کے لیے 1.25 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دی ہے۔
ناقدین کا مؤقف ہے کہ پاکستان میں منتخب پارلیمان، وزیراعظم اور آئینی عدالت موجود ہے اور سول حکومت کی کمان میں ایک مضبوط فوج کا ہونا فوجی حکمرانی نہیں کہلاتا۔ ایسے نازک وقت میں واشنگٹن سے اپنے ہی ملک کو سزا دینے کا مطالبہ محض اختلافِ رائے نہیں بلکہ ملکی مفادات سے غداری کے مترادف ہے، جسے امریکی کانگریس کو سنجیدہ انتباہ کے بجائے محض ذاتی مفاد پر مبنی ایک تحریر سمجھنا چاہیے۔





