اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کے لیے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود کی اسلام آباد آمد جاری ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بوبور مسعودووچ عثمانوف بھی اسلام آباد پہنچے، جہاں وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ دیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے مہمان وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں تعاون کو مضبوط بنانے اور امن، ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
عشائیے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ای سی او سیکریٹریٹ کے نمائندوں، سفارتی شخصیات اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔





