امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایسی طویل جنگ نہیں چاہتے جس کا کوئی اختتام نہ ہو۔ ان کے مطابق امریکا ایران سے متعلق اپنے طے شدہ مقاصد حاصل کرے گا، تاہم تنازع کو غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رکھا جائے گا۔
فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا گزشتہ 47 برس سے ایران کے ساتھ مختلف تنازعات اور معاملات میں ملوث رہا ہے اور حالیہ کشیدگی میں بھی تقریباً سات ماہ سے کسی نہ کسی صورت میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، لیکن نہ ختم ہونے والی جنگ نہیں چاہتی۔
جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کا تیسرا طیارہ بردار بحری جہاز بھیج دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ گزشتہ کئی ماہ کے دوران ایران کے خلاف مزید حملوں کے اشارے دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہتے رہے ہیں کہ جنگ مؤثر طور پر ختم ہوچکی ہے۔
جے ڈی وینس اس سے قبل بھی ایران کے ساتھ طویل جنگ کی مخالفت کرچکے ہیں۔ مئی میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے غیر معینہ مدت تک جنگ جاری رکھنے کا راستہ اختیار نہیں کرے گا۔
ایک اور بریفنگ میں وینس نے کہا تھا کہ وہ موجودہ صورتحال کو جنگ قرار نہیں دیں گے اور نہ ہی اس کے خاتمے کے لیے کوئی مصنوعی مدت مقرر کریں گے۔ یہ مؤقف صدر ٹرمپ کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتا ہے، جو اس تنازع کے لیے خود جنگ کی اصطلاح استعمال کرتے رہے ہیں۔





