اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر کے گھر کام کرنے والی 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کی موت کی وجہ تشدد قرار دے دی گئی ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسم پر شدید چوٹوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو موت کی وجہ بتایا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق جسمانی تشدد کے باعث فاطمہ کے جسم میں شدید سوزش پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں خون کے لوتھڑے بن گئے۔ بعد ازاں بچی کو تھرومبو ایمبولزم کی کیفیت لاحق ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خون کے لوتھڑے بننے کے بعد بچی کو کارڈیو پلمونری اریسٹ ہوا، جس کے باعث اس کے دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا۔
دوسری جانب تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے بچی پر تشدد میں استعمال ہونے والی استری اور ڈنڈا برآمد کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم علی رضا نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزمہ اکثر بچی کو ڈنڈے سے مارتی تھی۔
ملزم کے مطابق فاطمہ کی حالت زیادہ خراب ہونے پر اسے پہلے پولیس لائنز کے ڈسپنسر کے پاس طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کے مقدمے میں پولیس افسر کی اہلیہ اور بچوں کو پڑھانے والے قاری کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دیکھیے: اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے سے کانگریس کی قیادت تک: کون ہے یہ پراسرار خاتون؟





