مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ایک اور جاسوسی اسکینڈل سامنے آیا ہے، جس میں ایک اعلیٰ فوجی افسر کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کا نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس افسر اور ایک مشتبہ خاتون کے درمیان دو وائس کالز اور چار ویڈیو کالز ہوئیں، جن کے ذریعے حساس معلومات کی ترسیل کا انکشاف ہوا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم افسر نے نجی تصاویر اور ویڈیوز کے بدلے جنگی منصوبوں کے خفیہ صفحات دشمن ملک کے کارندوں کے حوالے کیے۔ اس کے علاوہ، اس پر اپنے پانچ ماتحت اہلکاروں کے موبائل فونز میں خفیہ طور پر اسپائی ویئر انسٹال کرنے کا سنگین الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
معروف صحافی پالکی شرما نے اپنی ایک ویڈیو میں اس واقعے پر گہرے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ایک ذمہ دار اور اعلیٰ فوجی افسر اس قدر آسانی سے ہنی ٹریپ کے جال میں کیسے پھنس گیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارتی فوج کے اندر سے اس نوعیت کے سکیورٹی نقائص اور جاسوسی کے واقعات سامنے آئے ہوں۔ اس سے قبل بھی ایسے کئی کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، تاہم تازہ ترین واقعہ بھارتی فوج کے مجموعی سکیورٹی نظام اور حساس نوعیت کی معلومات کے تحفظ پر انتہائی سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔
دیکھیے: اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے سے کانگریس کی قیادت تک: کون ہے یہ پراسرار خاتون؟





