کابل میں طالبان قیادت کے اندرونی اختلافات اور پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے تحفظات اب کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ طالبان کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کابل میں شیخ ہیبت اللہ اخوندزادہ کی حمایت میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ناراضگی کا برملا اعتراف کیا ہے۔
سراج الدین حقانی نے تسلیم کیا کہ افغان عوام مجموعی طور پر شیخ ہیبت اللہ کی پالیسیوں سے متفق نہیں ہیں اور موجودہ نظام تیزی سے عوامی حمایت کھو رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سخت گیر پالیسیاں اور جابرانہ رویے عوام کو حکومت سے دور اور نفرت پر مجبور کر رہے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پورے ریاستی نظام کو محض ایک فرد کی ذات تک محدود کرنے پر بھی شدید تنقید کی۔ حقانی کا کہنا تھا کہ ذاتی وفاداریوں اور علاقائی وابستگیوں کو ترجیح دینے کے طرزِ حکمرانی سے پورا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہو کر رہ جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق سراج الدین حقانی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شیخ ہیبت اللہ گزشتہ پانچ برسوں سے زائد عرصے سے منظرِ عام سے غائب ہیں، تاہم ان کے احکامات ہی ملک کا سیاسی اور سماجی رخ متعین کر رہے ہیں۔
یہ اعتراف طالبان قیادت کے اندر پائے جانے والے گہرے اختلافات اور اختیارات کے غیر معمولی ارتکاز پر بڑھتی ہوئی بے چینی کو واضح کرتا ہے۔
دیکھیے: اٹلی کے ایک چھوٹے سے قصبے سے کانگریس کی قیادت تک: کون ہے یہ پراسرار خاتون؟





