پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کی تقسیم زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا اور معاشرے میں بھائی بھائی کا دشمن بن جائے گا۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات، آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، تاہم کسی بھی صوبے کی تقسیم زبردستی نہیں کی جا سکتی۔ ان کے بقول ایسے فیصلے معاشرے میں تقسیم اور دشمنی کو جنم دیں گے اور عام شہری ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سندھ میں خون خرابہ نہیں دیکھنا چاہتے اور عوام کی تائید سے بننے والے صوبوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں طریقہ کار موجود ہے، اس لیے غیر آئینی راستے تلاش کرنے کے بجائے جمہوری طریقہ اپنایا جانا چاہیے۔
قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ
بلاول بھٹو نے ملک میں سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے، جس کا آغاز پارلیمان سے کیا جائے۔ ان کے مطابق اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے تیار ہو تو گورنر راج ختم کیا جا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو نے بانی پی ٹی آئی کو بھی سیاسی قیدی قرار دیا اور کہا کہ وہ ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں وزیراعظم بننے کے بعد کسی کو جیل نہ جانا پڑے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں ان کے کردار کے بغیر موجودہ حکومت اقتدار میں نہ ہوتی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کیے جائیں اور سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔
حکومت پر تنقید
بلاول بھٹو نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی کے بجائے جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی۔ ان کے مطابق ترمیم کے بعد سینئر ججوں کے استعفوں سے ظاہر ہوا کہ عدلیہ کا اعتماد متاثر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں پارلیمان، عدلیہ اور دیگر اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنے وزرا کو کنٹرول کر سکیں۔
بلاول بھٹو نے میڈیا کی آزادی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی اگر سچ بولنے پر کارروائی کے خوف میں مبتلا ہوں گے تو وہ اپنا کام کیسے کر سکیں گے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور غریب و پسماندہ طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ان کے مطابق سیاست دان عوامی مسائل کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ کرپشن کے خاتمے پر بھی سنجیدہ توجہ نہیں دی جا رہی۔
نئے صوبوں کی تجاویز
بلاول بھٹو نے نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز دینے والے بعض افراد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کچھ کبھی انتخاب نہیں جیتے اور ان کا سیاسی مستقبل عوامی ووٹ سے وابستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل صوبے کو نہیں مل رہے اور پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے، جو انہیں ادا نہیں کیا جا رہا۔ ان کے مطابق صوبائی سہولیات کی خرابی کا ذمہ دار وفاقی حکومت ہے، کیونکہ صوبوں کے حصے کے وسائل عوام پر خرچ نہیں ہو رہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی کو ماضی میں دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی زبردستی کیا گیا تھا، تاہم سندھ کے عوام نے ون یونٹ کے دور میں بھی مزاحمت جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا فیصلہ ایسا ہونا چاہیے جس کا سیاسی قیادت عوام کے سامنے جواب دے سکے۔





