معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ قبضے اور انہیں دھمکیاں دینے کے مقدمے میں لاہور پولیس نے دو نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر جائیداد کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے اور گھر کے کرایہ داروں کو دھمکانے کا الزام ہے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔
شازیہ منظور نے چند روز قبل اپنے وکیل کے ہمراہ تھانہ ملت پارک میں درخواست جمع کرائی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ چار مسلح افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر انہیں دھمکیاں دیں۔
گلوکارہ کے مطابق ملزمان نے ان سے خالی کاغذات پر زبردستی دستخط بھی کروائے، تاہم انہوں نے بعد میں وہ کاغذات پھاڑ دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا اپنے سابق منیجر نواز کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا ہے اور منیجر کے بیٹے انہیں مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔
شازیہ منظور نے اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے واقعے کا نوٹس لینے اور تحفظ فراہم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد سے متعلق مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔





