امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے لاہور، پشاور اور کراچی میں احتجاجی جلسوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں ناکام ہو چکی ہیں اور ملک میں کہیں بھی حکومتی رٹ دکھائی نہیں دیتی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر گورننس قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ صوبوں اور وفاق کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ ان کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن سامنے آئی ہے، جبکہ سندھ کی صورتحال ابتر ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے سندھ حکومت کے 10 لاکھ گھر بنانے کے دعوے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت بتائے کہ اب تک کتنے گھر تعمیر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کراچی کی آبادی کے درست اعداد و شمار اور شہری مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان میں عوامی اعتماد کے ذریعے امن قائم کیا جا سکتا ہے، جبکہ جمہوری عمل ہی مسائل کے حل کا راستہ ہے۔
انہوں نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سردی بڑھنے کے باعث فلسطینیوں کو خیموں کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ مسلم ممالک کو غزہ کے معاملے پر متحد ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل امن معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اسے امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مسئلہ کشمیر پر بھی توجہ دینے اور آزاد کشمیر کے معاملے پر حکومتی حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے احتجاجی جلسوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر جلسہ عام ہوگا، 12 دسمبر کو پشاور اور 20 دسمبر کو کراچی میں جلسہ منعقد کیا جائے گا۔





