سوشل میڈیا پر جھوٹا بیانیہ قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا الگورتھمز کے ذریعے جھوٹے بیانیے کے فروغ کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام سوشل میڈیا اور پوسٹ ٹروتھ ایرا سیمینار سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا خطاب۔

عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پیش کی، جبکہ شرجیل میمن نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی اور فیک نیوز کے خلاف سخت قوانین کا مطالبہ کیا۔

November 24, 2026

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا الگورتھمز کو مخصوص بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے ذریعے پھیلایا جانے والا جھوٹا بیانیہ قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، پوسٹ ٹروتھ ایرا کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ٹک ٹاک، ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز پر الگورتھمز کے ذریعے مخصوص بیانیے کو فروغ دینے کے خدشات موجود ہیں۔ ان سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور اسلام آباد اعلامیہ جاری کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان آزادیٔ اظہار کی ضمانت دیتا ہے، تاہم اس حق کے استعمال کے لیے حدود بھی مقرر ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو آئینی حدود اور ملکی قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں اور پاکستان کے مقامی قوانین میں ہم آہنگی ضروری ہے، کیونکہ ان کمپنیوں کے قانونی اور پالیسی ضوابط بعض اوقات ملکی قوانین سے مطابقت نہیں رکھتے۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز پیش کرتے ہوئے جھوٹی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے قوانین مزید سخت کرنے پر زور دیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت آزادیٔ اظہار کی مخالف نہیں بلکہ حامی ہے، تاہم اس کے نام پر کسی کی زندگی اور ساکھ سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے ذریعے لوگوں کے خلاف منفی تاثر اور پراپیگنڈا پھیلایا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنا صرف حکومت نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں بھی نوجوانوں کو ورغلانے اور اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غلط معلومات پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے اور مسلسل جھوٹا مواد شائع کرنے والے اکاؤنٹس بند کرنے کا اختیار حکومت کے پاس ہونا چاہیے۔

انہوں نے کراچی میں ایک بچے کے قتل کے واقعے کے بعد ایک گیسٹ ہاؤس سے متعلق مبینہ جھوٹی خبریں پھیلائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر انہوں نے خود ایف آئی اے میں شکایت درج کرائی تھی۔

سیمینار سے ایشیا ون نیوز کی رپورٹر تانیہ فرانسیس نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قانونی شکایات کے ازالے کے لیے واضح، شفاف اور مؤثر نظام ہونا چاہیے۔

تانیہ فرانسیس کا کہنا تھا کہ شکایات درج کرانے اور قانونی کارروائی کا طریقہ کار صارفین کی اپنی زبان میں دستیاب ہونا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مؤثر طور پر رجوع کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کو اپنے خلاف کیے گئے فیصلوں کے خلاف اپیل کا بامعنی حق ملنا چاہیے۔ اسی طرح آن لائن دھمکیوں اور صحافیوں کے جائز صحافتی مواد کو ہٹائے جانے کی صورت میں بھی مؤثر داد رسی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے سوشل میڈیا کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ شکایات کا جائزہ لینے اور ان پر فیصلے کرنے میں صرف ہونے والے وقت کی تفصیلات بھی عام کریں۔

متعلقہ مضامین

لاہور میں پنجاب پولیس نے مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر بھاری نفری تعینات کرکے سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر کنٹینر لگا دیے۔

November 24, 2026

ملا ہیبت اللہ کے اقتدار، طرز حکومت، ضابطہ فوجداری، خواتین پر پابندیوں اور دہشت گردوں کی سرپرستی کے حوالے سے شرعی اصولوں کی روشنی میں اہم سوالات۔

November 24, 2026

پاکستان اور جرمنی کے درمیان ٹیکسٹائل تجارت بڑھانے پر بات چیت ہوئی ہے، جبکہ جی ایس پی پلس کے نئے فریم ورک کے تحت یورپی منڈیوں تک رسائی برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

November 24, 2026

پشاور کے علاقے بڈابیر میں سی ٹی ڈی آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔

November 24, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *