پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت سامنے آ گیا ہے، جس سے سرحد پار دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا دیرینہ مؤقف ایک بار پھر درست ثابت ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 18 نومبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کی، جس کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ ایک افغان دہشت گرد قاری خیر اللہ ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد قاری خیر اللہ کا تعلق افغانستان کے صوبہ خوست سے تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران ہلاک افغان دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
دفاعی و سیکیورٹی ماہرین کے مطابق دتہ خیل آپریشن میں مارے جانے والے افغان دہشت گرد کی شناخت پاکستان کے اس مؤقف کی واضح تائید کرتی ہے کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کو سرحد پار سے مدد حاصل ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کا مسلسل ملوث پایا جانا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ موجودہ طالبان رجیم دہشت گرد عناصر کی سرپرستی اور سہولت کاری کر رہی ہے۔





