کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت میں 40 سے 45 افراد کام کر رہے تھے، جن کے ملبے تلے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق شاہراہ فیصل کے قریب بلوچ کالونی میں عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے بھاری مشینری بھی طلب کرلی گئی۔
حکام کے مطابق عمارت کے ملبے تلے کئی گاڑیاں بھی دب گئی ہیں۔ ابتدائی کارروائی کے دوران دو افراد کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ سات منزلہ عمارت زیر تعمیر تھی۔ وہاں تقریباً 20 مزدور اور اتنی ہی تعداد میں رنگ و روغن کا کام کرنے والے افراد موجود تھے۔ اس طرح عمارت میں کام کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 40 سے 45 بتائی جارہی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ نادر حسین ولد علی نواز، 30 سالہ شوکت علی ولد لال خان اور 22 سالہ احمد ولد ظفر اقبال شامل ہیں، جبکہ ایک نوجوان کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔





