فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وہ اس اعزاز سے نوازے جانے والے 21ویں رکن بن گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل کی فیصلہ کن قیادت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے قومی دفاع اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ اعزاز مسلح افواج کے بہادر جوانوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کا اعتراف بھی ہے۔ مسلح افواج کی جرأت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواج پاکستان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شمولیت کو اہم اعزاز قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کا اعتراف ملکی وقار اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔





