وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزارتِ اعلیٰ کے ایک ہزار دن مکمل ہونے کے دوران صوبے میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع اور فعال کیے گئے ہیں۔ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، رہائش اور صفائی کے شعبوں میں عوام کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں ہونہار طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں۔ ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ اسکیم پنجاب کے طلبہ کا بنیادی حق ہیں، جبکہ میرٹ پر اسکالرشپس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی والدین کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ تعلیمی اخراجات برداشت کرنا والدین کے لیے مشکل ہوتا ہے، اسی لیے ہونہار اسکالرشپ کے ذریعے طلبہ کو مالی اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کا مستقبل ہے۔ لیپ ٹاپ طلبہ کو ڈیجیٹل تعلیم کے حصول میں مدد دیں گے اور ہونہار نوجوان ملک کا نام روشن کریں گے۔
راولپنڈی میں منصوبے
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزارتِ اعلیٰ کے ایک ہزار دن مکمل ہوچکے ہیں اور اس دوران راولپنڈی میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ تین سال پہلے کا راولپنڈی اب نظر نہیں آتا، شہر میں ترقیاتی کام اور خوبصورتی کے منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب دیگر صوبوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں میں مثال بن رہا ہے اور دوسرے صوبے بھی یہاں کے منصوبے اپنا رہے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ صوبے میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ شہروں، دیہات، محلوں اور سڑکوں کی صفائی کے لیے مشینری فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک ہزار دن میں کوڑے کو توانائی اور بائیو گیس میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کی سڑکوں پر 1100 گرین بسیں چل رہی ہیں، جبکہ خواتین، طلبہ اور بزرگ شہری ان سے مفت سفر کرسکتے ہیں۔ الیکٹرک بسوں کا کرایہ بھی 20 روپے برقرار رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں 80 الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ آئندہ چند ماہ میں تین ہزار بسیں پنجاب کے شہروں اور تحصیلوں میں چلانے کا منصوبہ ہے، جبکہ اگلے دو سال کے لیے پانچ ہزار بسوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ
مریم نواز نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت صوبے میں ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں۔ حکومت کا ہدف اس تعداد کو پانچ لاکھ تک پہنچانا ہے۔ ان کے مطابق ایک ہزار دنوں میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں۔
صحت کے شعبے میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں دل کے مریضوں کو مفت تشخیص اور علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ مستقبل میں صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کینسر ہسپتال فعال کرنے کا منصوبہ ہے۔
مریم نواز کے مطابق کلینکس آن ویلز کے ذریعے ایک ہزار کلینکس نے چار کروڑ افراد کو ان کے گھروں کے قریب علاج اور تشخیص کی سہولت فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ ہیپاٹائٹس، بلڈ پریشر، امراضِ قلب اور کینسر کے دس لاکھ مریضوں کو گھر پر دو ماہ کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا، مری اور ساہیوال میں جدید کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت نے بچوں کے دل کے آپریشنز پر بھی خصوصی توجہ دی ہے اور اب تک 18 ہزار بچوں کی سرجری کی جا چکی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ صوبے میں ٹرانسپلانٹ اور کینسر کا علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ فالج کے مریضوں کو چار لاکھ روپے مالیت کا انجکشن بھی مفت لگایا جا رہا ہے، جبکہ ایمبولینس مریضوں کو گھر سے ہسپتال اور علاج کے بعد واپس گھر پہنچاتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہزاروں ہیلتھ انسپکٹرز گھروں سے ڈیٹا جمع کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے اور بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔





