بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر کو ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد ہوئی۔
دوسری جانب ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ اس دوران میجر وجاہت وحید کی قیادت میں پیش قدمی کرنے والی سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے میں 34 سالہ میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ ان کا تعلق لاہور سے تھا۔
وزیراعظم اور صدر کا خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں 4 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور میجر وجاہت وحید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن کے دفاع کے لیے جان قربان کی۔ قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے۔ انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت بھی کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو سراہا اور میجر وجاہت وحید کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔
کلیئرنس آپریشن جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رہیں گے۔
بیان میں وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔





