سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں مؤثر سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن ‘رَد الفتنہ 3’ کے تحت فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کامیاب آپریشن کے دوران فورسز نے 68 مربع کلو میٹر کے وسیع علاقے کو دہشت گردوں کے وجود سے مکمل طور پر کلیئر کرا لیا ہے۔
کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں سے 2 دہشت گردوں کی لاشیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
فورسز کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشت گرد زخمی ہوئے، جن میں اس گروہ کا اہم سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو مکمل طور پر تباہ کر کے وہاں لگے فتنہ الہندوستان کے جھنڈے ہٹا دیے گئے ہیں۔
آپریشن کی پیش رفت کے دوران فورسز نے علاقے سے 12 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں۔