صادق آباد پولیس نے بلوچستان کے دہشت گرد کمانڈر کے دو معالجوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے چھاپہ اس وقت مارا جب دونوں ڈاکٹروں پر دہشت گرد کمانڈر فاروق کے علاج کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سول ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر راؤ ندیم اور ڈاکٹر عثمان شامل ہیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے پرائیویٹ ہسپتال میں دہشت گرد کمانڈر کا علاج کیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران ہسپتال میں کسی قسم کے علاج معالجے کا ثبوت نہیں ملا۔
خیال رہے کہ پولیس کے چھاپے کے دوران ڈاکٹروں اور ہسپتال کے عملے نے پولیس اہلکاروں کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو ہسپتال سے باہر نکال دیا۔ اس اقدام کے بعد پولیس نے ڈاکٹروں سمیت ہسپتال کے چھ سے زائد افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں کہ دہشت گرد کمانڈر کے علاج میں ڈاکٹروں کا کردار کس حد تک تھا اور کون سے شواہد قانونی کارروائی میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔