میرپور میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں بنگلادیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز اپنے نام کر لی۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔ تنزید حسن نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 107 رنز بنائے جبکہ توحید ہریدوئے نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ لٹن داس نے 41، سیف حسن نے 36 اور نجم الحسن شانتو نے 27 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 279 رنز تک محدود رہی اور یوں بنگلادیش نے میچ 11 رنز سے جیت لیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، محمد رضوان، سلمان آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل تھے۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم تیسرے میچ میں فتح کے ساتھ بنگلادیش نے سیریز اپنے نام کر لی۔
دیکھئیے:سلمان علی آغا پر آئی سی سی کا جرمانہ، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا