نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کے لیے تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے افغانستان میں پائیدار امن کو پورے خطے کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان رکن ممالک کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ امن اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، جبکہ عدم استحکام تجارتی راستوں، توانائی کی فراہمی اور سرمایہ کاری کو متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات اور عدم استحکام پر گہری تشویش رکھتا ہے اور عالمی قانون و اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دفتر خارجہ برادر ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
افغانستان میں امن
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو ای سی او کے فریم ورک میں شامل ہو اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات رکھے۔
ان کے مطابق مستحکم افغانستان سے تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔ تاہم بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات اور دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔
اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی معاہدوں اور وعدوں کی پاسداری کو علاقائی اعتماد اور اقتصادی روابط کے لیے اہم قرار دیا۔
پاکستان کی ای سی او صدارت کی پانچ ترجیحات
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان اپنی ای سی او صدارت کے دوران پانچ ترجیحات پر توجہ دے گا، جن میں تجارت و سرمایہ کاری کا فروغ، علاقائی روابط کی بہتری، ای سی او تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانا، قدرتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانا اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کی بندرگاہوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ کام کرے گا۔ کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی اور سرحدی انتظامات میں بہتری سے علاقائی تجارت کو فروغ مل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتا دباؤ مشترکہ اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم، تحقیق، فنی تربیت اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا بھی علاقائی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او کے رکن ممالک کے پاس قدرتی وسائل، توانائی کے ذخائر، زرعی صلاحیت اور جغرافیائی محل وقوع کی صورت میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پہلے سے طے شدہ منصوبوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ خطے کے عوام کو معاشی تعاون کے ثمرات مل سکیں۔
عباس عراقچی اور غیر ملکی وفود
دریں اثنا ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود کی اسلام آباد آمد جاری ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بوبور مسعودووچ عثمانوف بھی اسلام آباد پہنچے، جہاں وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
اجلاس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں تعاون مضبوط بنانے اور امن، ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔





