اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔ اجلاس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی طور پر شرکت کریں گے، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تاجکستان اور ایران سمیت مختلف رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے بھی نائب وزیر خارجہ شرکت کریں گے۔ افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اظہار خیال کریں گے۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط بڑھانے، علاقائی رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
اس موقع پر غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں علاقائی اقتصادی تعاون اور رکن ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔





