فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں بڑی جدوجہد کے بعد حاصل ہونے والے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے میران شاہ، شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو علاقے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں علاقے میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے اور سکیورٹی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور ملکی دفاع کے لیے عزم کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس صفِ اول کا ایک بہادر دستہ ہے، جس نے دہشت گردی اور فتنۃ الخوارج کے خلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور بڑی قربانیاں دی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی رابطے اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کا فیصلہ کن خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
قبل ازیں میران شاہ آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔





