سابقہ حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عاطف خان نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے استعفیٰ کی منظوری میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہے ہیں۔ عاطف خان کا کہنا تھا تحریکِ انصاف اپنے حقوق کے لیے پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے کا کہنا تھا وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے دو مرتبہ اسمبلی فلور پر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی کے پاس تاخیر کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی رو سے وزیراعلیٰ اپنا استعفیٰ گورنر کو بھیجتا ہے اور سپیکر صوبائی اسمبلی نے بھی آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی رولنگ دے دی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ انتخابی عمل تمام جماعتوں کے سامنے ہوا، اس میں کوئی خفیہ ووٹنگ نہیں ہوئی، لہٰذا کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ اور اگر ایسے ہی تاخیری حربے استعمال کرتے رہے تو پی ٹی آئی احتجاجی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی۔
دیکھیں: سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر واضح اکثریت کے ساتھ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب