گجرات میں بیرون ملک سے پاکستان آنے والے ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کو قتل کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ روز میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم 17 اکتوبر کو بیرون ملک سے پاکستان پہنچا اور اپنے بھائی کو فون کرکے گاؤں سے شہر بلایا۔ دونوں بھائیوں نے اکٹھے کھانا کھایا اور پھر گھر کے لیے روانہ ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راستے میں ایک سنسان مقام پر ملزم نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کو قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔
جنازے میں بھی شریک
پولیس کے مطابق مقتول کے والد نے قتل کی اطلاع دی تو ملزم نے خود کو بیرون ملک ظاہر کیا۔ اس نے پاکستان پہنچنے تک تدفین روکنے پر بھی زور دیا اور بعد میں بھائی کے جنازے میں شریک ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کے ساتھ گھومنے پھرنے کے مناظر سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگئے، جو تفتیش میں اہم ثابت ہوئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق قتل کی ممکنہ وجہ زمین کا تنازع اور گھریلو ناچاقی بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔





