پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں دو افراد کے قتل کے الزام میں پولیس نے دو بھائیوں اور ان کی والدہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین میں ایک ملزم کا باپ بھی شامل ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فواد احمد کے مطابق یہ واقعہ حافظ آباد کے علاقے کولو تارڑ میں پیش آیا، جہاں زمین کے تنازع پر ہونے والی تلخ کلامی کے دوران باپ اور اس کے دوست کو قتل کر دیا گیا۔
زمین کے تنازع پر جھگڑا
ایف آئی آر کے مطابق مقتول نذیر احمد ہنجرا، محمد صدیق اور اس کے بیٹوں کے درمیان زمین کے تنازع پر صلح کرانے کے لیے آیا تھا۔
صلح کی کوشش کے دوران چاروں افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ دونوں بیٹوں نے اپنی والدہ کے اکسانے پر کلہاڑیوں کے وار کرکے اپنے والد محمد صدیق اور اس کے دوست نذیر احمد ہنجرا کو قتل کر دیا۔
مقدمہ درج، تفتیش جاری
پولیس کے مطابق دونوں افراد کے قتل کا مقدمہ مقتول نذیر احمد ہنجرا کے بیٹے محمد طیب کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
پولیس نے قتل کے الزام میں دونوں بھائیوں اور ان کی والدہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔





