گوادر میں سکیورٹی فورسز نے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے کی کوشش فتنہ الہندوستان سے منسوب کی گئی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنائی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران مزید دہشت گردوں کو گھیرے میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔ علاقے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات سے محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر میں حملے کی کوشش ناکام بنانے اور 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ حملہ ناکام بنانے والے سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور عزم قابلِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو اپنے اقدامات کا انجام بھگتنا ہوگا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔





