لاہور میں مزنگ لنک روڈ پر اسکوٹی سوار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت غلام مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع چنیوٹ کا رہائشی ہے۔ واقعہ 20 اکتوبر کی شام پیش آیا، جب لڑکی اپنی اسکوٹی پر جا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے لڑکی کی اسکوٹی کے سامنے اپنی موٹرسائیکل لا کر اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران لڑکی کو موٹرسائیکل سے گرا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو لڑکی پر حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ واقعے کے دوران وہاں موجود افراد نے مداخلت کی، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
تشدد سے لڑکی کے چہرے اور ناک پر زخم آئے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر لڑکی کا بیگ اور موبائل فون چھیننے کی کوشش بھی کی، جبکہ اس کا لیپ ٹاپ ٹوٹ گیا۔
مقدمہ درج
واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں تھانہ مزنگ میں درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لڑکی کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے، ان کا راستہ روکنے اور تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔





