بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران دھماکے میں پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن وقار احمد، نائیک عصمت اللہ اور لانس نائیک جنید احمد شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں لانس نائیک خان محمد اور سپاہی محمد ظہور نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
بیان کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سیکورٹی فورسز علاقے میں سینیٹائزیشن اور کلئیرنس آپریشن کر رہی تھیں۔ دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور مزید سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کلئیرنس آپریشن کے دوران دشمن کے نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے بھارتی پراکسی گروہ “فتنہ الہند” بی ایل اے کے پانچ دہشت گرد بھی ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے فوج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم اپنے بہادر جوانوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔