سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کی درمیانی شب، پاک افغان سرحد کے قریب کرم کے علاقے غکی اور شمالی وزیرستان کے اسپین وام میں دہشت گردوں کے دو بڑے گروہ افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے ان کی نقل و حرکت کو بروقت محسوس کیا اور بھرپور کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے افغان علاقے سے گھاکی (کرم) اور سپین وام (شمالی وزیرستان) میں دراندازی کی دو بڑی کوششوں کو ناکام بنایا۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے درجنوں جنگجو سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے سپین وام… pic.twitter.com/BCCSyxOr84
— HTN Urdu (@htnurdu) October 26, 2025
فتنۃ الخوارج کے 25 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق مؤثر اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر 25 دہشت گرد مارے گئے جن میں چار خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ اسپین وام میں 15 دہشت گرد جبکہ کرم کے علاقے غکی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے پانچ جوانوں کی شہادت
کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے پانچ جوانوں نے وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔ ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے بھارتی سرپرستوں کے ناپاک عزائم کو ایک بار پھر ناکام بنا دیا۔
یہ دراندازی اس وقت ہوئی جب استنبول میں پاک افغان مذاکرات جاری ہیں اور افغان حکومت نے ٹی ٹی پی کی مذاکرات میں شمولیت کی تجویز دی، جسے پاکستان نے واضح طور پر مسترد کر دیا۔ پاکستان کے وفد نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ ٹی ٹی پی، بی ایل اے یا کسی بھی ایسے گروہ کے خلاف کوئی رعایت نہیں ہوگی جو افغان سرزمین سے پاکستان پر حملہ کرے گا۔
وزیراعظم کا خراج تحسین اور تعزیت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فتنۃ الخوارج کے 25 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی بہادری کو سراہا۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے۔
صدر مملکت کا پیغام
صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں خوارج کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنۃ الخوارج اور ان کے بھارتی سرپرستوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ صدر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں عزمِ استحکام کے تحت جاری رہیں گی، اور قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر ہمیشہ فخر کرے گی۔
قومی عزم اور دفاعِ وطن
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ افواجِ پاکستان مادرِ وطن کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔ قوم ان جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ سرحد پار سے دراندازی کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔