ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ انتہائی اہم اور مصروف دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کو رخصت کیا، جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
روانگی کے وقت ایرانی صدر کو ان کے دورہ پاکستان کا ایک خصوصی تصویری البم بھی پیش کیا گیا۔ اپنے اس مختصر دورے کے دوران ایرانی صدر نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ تعمیری ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ امور اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ اور ایران کے مابین جاری سفارتی مذاکرات میں پاکستان کے مصالحتی کردار کو انتہائی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ہمارا پڑوسی ہی نہیں بلکہ ایک بھائی اور دوست ملک ہے، اور دونوں اقوام کی منزل مشترک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان پر ایران کے گہرے اعتماد کا مظہر ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، امریکہ اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے حصول تک اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے ایران کے میزائل پروگرام کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کبھی مذاکرات کا حصہ نہیں رہا، اور یہ ممکن نہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک کے پاس تو میزائل ہوں مگر ایران کو اس حق سے محروم رکھا جائے۔

فیلڈ مارشل سے ملاقات
دورے کے دوران پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر سے خصوصی ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتحال، خطے میں کشیدگی کی کمی اور امن و استحکام پر قریبی مشاورت ہوئی۔
ایرانی صدر نے خطے میں مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اعزازی فیلو شپ کا اعزاز
علاوہ ازیں دورے کے دوران ایک پروقار تقریب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز آف پاکستان کی جانب سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو صحتِ عامہ, طبی تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں شعبہ جراحیِ قلب (کارڈیک سرجری) کی اعزازی فیلو شپ سے نوازا گیا۔
اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔ اس اعزاز کا مقصد دونوں برادر ممالک کے میڈیکل کالجز اور اداروں کے مابین تعلیمی تبادلوں، طبی تحقیق اور فیکلٹی کی سطح پر تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔