نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو جاپان، پرتگال، کینیڈا اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام نے ٹیلی فون کر کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ان سفارتی رابطوں کا محور خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام کی کوششیں اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام اور ہر قسم کی کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی پیچیدہ علاقائی مسائل کا واحد حل ہیں، اور پاکستان اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔
سفارتی کردار کی ستائش
جاپانی وزیر خارجہ شیمتسو موتیگی اور برطانوی وزیر ہمیش فالکنر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو خصوصی طور پر سراہا کلیدی قرار دیا۔ جاپانی اور برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں تناؤ کم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
باہمی تعاون پر اتفاق
پرتگال اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ان رابطوں میں دیرپا امن کی مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ عالمی رہنماؤں نے مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ بھی کیا۔