دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور خطے میں جاری بحرانوں کی بڑی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں ہیں، جن سے فلسطین کے علاوہ شام، لبنان اور دیگر پڑوسی ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت کسی بھی جماعت کی ہو، پاکستان کے امریکا کے ساتھ ہمیشہ بہترین تعلقات رہے ہیں۔ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں امریکی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
بھارتی شہریوں کو ویزوں کے اجرا سے متعلق ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزے بند نہیں کیے۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان پاکستان آنا چاہیں تو انہیں ویزا جاری کرنے میں کوئی پابندی نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 9 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کے ویزے جاری کیے گئے، جبکہ رواں سال بھی 4 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے دیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق بھارت نے مئی 2025 کے بعد کرتارپور راہداری کے ذریعے زائرین کی آمدورفت معطل کر رکھی ہے۔ پاکستان پابندیاں ختم ہوتے ہی سکھ یاتریوں کا استقبال کرنے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت معطل ہونے کے باوجود کرتارپور راہداری قائم کی اور اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ کیے تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقام تک آسانی سے پہنچ سکیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔ تاہم اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد قیادت کرے گی۔





