ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کے دوران 18 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر باڑہ کے مخصوص علاقے میں کاروائی کی۔ اس شدید جھڑپ کے نتیجے میں 18 جنگجو مارے گئے، جن میں سے بیشتر کی لاشیں سیکورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں افغان باشندے بھی شامل ہیں، جو سرحد پار سے آکر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں دہشت گردوں کے دیگر ممکنہ ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی شرپسند عناصر کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے تاکہ سرحد پار سے ہونے والی مداخلت اور مقامی سطح پر دہشت گردی کے خطرات کا قلع قمع کیا جا سکے۔
دیکھیے: ہزارہ کمیونٹی پالیسی سینٹر کا ڈیورنڈ لائن کو پاک افغان مستقل سرحد تسلیم کرنے کا اعلان