خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔
پاک فضائیہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا تیار کردہ ‘ایم ایف آئی-395 سپر مشاق طیارہ’ پاک فضائیہ اکیڈمی اصغر خان سے معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ صبح کے وقت فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث مردان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس المناک حادثے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللّٰہ اور پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ طہٰ عباسی شہید ہو گئے، جو طیارے میں بطور ٹرینی کیڈٹس فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ سروسز چیفس، مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے بھی وطنِ عزیز کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پائلٹس کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی مردان طیارہ حادثے پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے شہید پائلٹس کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور حادثے میں ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
دیکھیے: امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا، شہباز شریف