امریکی تجزیہ کار مائیکل کوگل مین کی پاکستان کے سیاسی رہنما تیمور جھگڑا سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں انہیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور ملکی سیاست پر لیکچر دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
مائیکل کوگل مین نے 24 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ تیمور جھگڑا پاکستان کے سنجیدہ اور سوچ سمجھ کر بات کرنے والے سیاسی رہنماؤں میں شامل ہیں۔ ان کے مطابق تیمور جھگڑا کو ایک ہفتہ قبل اٹھایا گیا تھا، تاہم اس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی اس معاملے پر عوامی سطح پر زیادہ آواز اٹھائی گئی۔ انہوں نے اس صورتحال کو تشویش ناک قرار دیا۔
کوگل مین کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں یاد دلایا گیا کہ وہ پاکستانی شہری، ووٹر یا ملکی معاملات میں براہِ راست فریق نہیں ہیں۔ ردعمل میں کہا گیا کہ واشنگٹن میں بیٹھ کر پاکستان کی عدالتوں، سیاست اور خودمختاری پر فیصلے سنانا مناسب نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جس طرح پاکستان کے صحافی یا تجزیہ کار امریکی اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے، اسی طرح پاکستان کے معاملات پر بھی بیرونی شخصیات کو لیکچر دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ ردعمل میں مائیکل کوگل مین پر دوہرے معیار اور امریکہ کے معاملات پر خاموشی اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا گیا۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات پاکستانی عوام اور اداروں کا اپنا معاملہ ہیں اور کسی بیرونی تجزیہ کار کو ان پر فیصلے سنانے کا حق نہیں۔
دیکھیے ؛ ایک وزیر مسلسل تنقید کر رہا ہے، جواب دیا تو منہ چھپانے کے قابل نہیں رہے گا، محسن نقوی





