سندھ حکومت نے میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔ ٹیم میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، پاکستان رینجرز سندھ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سینئر نمائندے شامل ہوں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو مراسلے جاری کردیے ہیں۔ ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کریں گے۔
مراسلے میں متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ جے آئی ٹی میں شمولیت کے لیے گریڈ 18 یا اس سے اوپر کے افسران نامزد کریں۔
جے آئی ٹی تشکیل
میر رضا علی کے قتل کا مقدمہ کراچی کے تھانہ فیروز آباد میں درج ہے۔ اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل یک رکنی انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے انکوائری کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر جے آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ نئی ٹیم قتل کے مقدمے سے متعلق تحقیقات آگے بڑھائے گی۔





