نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں قیامت خیز زلزلہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افغان عبوری وزیر خارجہ سے ٹیلی فون رابطہ کرکے افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افغان عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کہا کہ پاکستان افغانستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعائوں اور ہمدردی کا پیغام بھی دیا۔

دوسری جانب پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی امارتِ اسلامیہ افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کنڑ اور ننگرہار میں حالیہ زلزلے سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

خلیفہ سراج الدین حقانی نے پاکستان کے اس جذبہ ہمدردی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت بھی کی۔
اسی طرح جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےبھی افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کریم جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے ۔زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاء گو ہوں ۔مشکل وقت میں افغان عوام اور امارت اسلامی سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں ۔اللہ کریم انسانیت کو ہر قسم کے مصائب سے محفوظ فرمائے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے صوبہ کنڑ میں آنے والے زلزلے میں 800 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
دیکھیں: افغانستان میں زلزلے سے اموات اور تباہی؛ پاکستانی حکام کا اظہار افسوس