کیا افغان طالبان بتا سکتے ہیں کہ کس بنیاد پر ہیبت اللہ کو شیخ الاسلام کا لقب دیا گیا؟

ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کو شیخ الاسلام کا لقب دیے جانے کے بعد علمی روایت، دیوبندی حلقوں کے موقف اور اس فیصلے کے سیاسی پس منظر پر ایک تجزیاتی نظر۔
ہیبت اللہ کو شیخ الاسلام کا لقب

کابل میں علما کی جانب سے ملا ہیبت اللہ کو شیخ الاسلام کا لقب دیے جانے پر علمی خدمات اور سیاسی محرکات کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کا جائزہ۔

November 20, 2026

پاکستان میں کسی دیوبندی عالم کی مجلس میں آج شیخ الاسلام کہا جائے تو عموماً سامعین حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مراد لیتے ہیں۔ بریلوی مکتب فکر کے ایک معروف حلقے میں یہی لقب پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ان کی قائم کردہ تحریک منہاج القرآن بھی اپنے بانی کا تعارف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نام سے کراتی ہے۔ ایک ہی ملک میں دونوں شخصیات اپنے اپنے حلقے میں اس لقب سے معروف ہیں اور سننے والے سیاق سے جان لیتے ہیں کہ ذکر کس کا ہو رہا ہے۔

یہاں ایک بات غور طلب ہے۔ پاکستان کے دیوبندی مدارس میں بڑے محدث، فقہا اور اصحاب افتا موجود ہیں، لیکن اپنے نام کے ساتھ شیخ الاسلام لکھنا یا لکھوانا ان کے ہاں عام روایت نہیں۔ معاصر پاکستانی دیوبندی حلقوں میں یہ لقب جس نمایاں طور پر مفتی تقی عثمانی صاحب کے نام سے وابستہ ہے، کسی دوسرے پاکستانی دیوبندی عالم کا نام اس نسبت سے اسی طرح ذہن میں نہیں آتا۔ اس پہچان کے پیچھے ایک عمر کا درس حدیث، فقہ و افتا کی خدمت، تصنیف و تحقیق اور جدید مالی معاملات میں علمی رہنمائی ہے۔ مفتی صاحب کے کسی شاگرد سے پوچھیے کہ وہ اپنے استاد کو شیخ الاسلام کیوں کہتا ہے، تو اس کے پاس ان کی کتابوں اور ان کے علمی کام کی صورت میں جواب موجود ہے۔

اسلامی تاریخ میں امام ابن تیمیہ کا نام آج بھی شیخ الاسلام کے لقب کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ ان کی علمی آرا سے اتفاق اور اختلاف ہو سکتا ہے، مگر ان کے علمی مرتبے پر گفتگو کرنے والے کے سامنے ان کی تصانیف موجود ہیں۔ سلطنت عثمانیہ نے، جسے ایک طویل عرصے تک عالم اسلام کے وسیع حصے میں مرکزی حیثیت حاصل رہی، شیخ الاسلام کا ایک باقاعدہ منصب بھی قائم کیا تھا۔ اس منصب کا دائرہ اختیار اور اس سے وابستہ ذمہ داریاں متعین تھیں۔ یوں تاریخ میں اس لقب کے ایک سے زیادہ استعمال ملتے ہیں۔ افغانستان کے معاملے میں سوال بھی اسی لیے ہے کہ کابل میں یہ لقب کس علمی خدمت کے اعتراف میں، اور کس حیثیت سے دیا گیا؟

اٹھارہ نومبر کو افغان طالبان نے بتایا کہ کابل یونیورسٹی میں جمع ہونے والے علما نے ان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کو شیخ الاسلام کا لقب دیا ہے۔ افغان طالبان کی دیوبندی مدارس سے وابستگی کے پیش نظر یہ سوال اور بھی اہم ہو جاتا ہے، جس علمی روایت میں اکابر کی خدمات کا حوالہ ان کے درس، فتاویٰ اور تصانیف سے دیا جاتا ہے، اسی روایت سے وابستہ کو اپنے امیر کی بھی وہ امتیازی خدمت بتا ئیں جس نے انہیں اس انتخاب پر آمادہ کیا۔ ملا ہیبت اللہ کے کس درس نے اہل علم کی ایک نسل تیار کی؟ ان کی کس فقہی تحقیق نے کسی مشکل مسئلے کے حل میں رہنمائی کی؟ ان کے کن علمی فیصلوں کو افغانستان سے باہر بھی اہل افتا نے مرجع تسلیم کیا؟ اجتماع کے بارے میں سامنے آنے والی خبروں میں ان سوالوں کا جواب نہیں ملتا۔

اس اعلان کا وقت بھی غور طلب ہے۔ ایک روز پہلے، ۱۶ نومبر کو، اسی کابل یونیورسٹی میں طالبان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی کا لقب بھی سامنے آئے، تو اس نے کہا تھا کہ بہت سے لوگ امیر کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی معاملات میں ذاتی رائے پر اصرار پورے نظام کو ایک فرد کا محتاج بنا دیتا ہے۔ اپنے ساتھیوں کو ان کی نصیحت بھی واضح تھی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، امیر کی مدح سرائی کی حاجت نہیں۔ اگلے روز ملا ہیبت اللہ نے اپنے خطاب میں سامعین سے کہا کہ وہ لوگوں کے دلوں میں امیر کی محبت پیدا کریں تاکہ لوگ اس کے احکامات کی پیروی کریں۔ یہ بات افغان حکومت کی جانب سے نشر کی گئی آڈیو کے حوالے سے رپورٹ ہوئی۔

ان دو دنوں کے بیانات سے یہ تاثر ابھرتا ہے کہ ملا ہیبت اللہ کو اپنی پالیسیوں کی قبولیت اور اپنی سیاسی گرفت کمزور پڑنے کی فکر ہے۔ ملا ہیبت اللہ کی گرفت کتنی کمزور ہوئی ہے، اس کا فیصلہ ان دو تقریروں سے نہیں ہو سکتا۔ البتہ جب وزیر داخلہ عوامی اختلاف کا ذکر کرے، امیر خود لوگوں میں اپنے لیے محبت پیدا کرنے کی تلقین کرے، اور اسی اجتماع سے امیر کے لیے ایک بڑا دینی لقب بھی سامنے آئے، تو اس لقب کا سیاسی مفہوم پوچھنا بجا ہے۔ جو افغان شہری کل امیر کی کسی پالیسی پر اعتراض کرتا تھا، کیا آج شیخ الاسلام کی اسی پالیسی پر بھی اتنی ہی آزادی سے سوال اٹھا سکے گا؟

کابل کے علما نے اگر اپنے امیر کی کسی غیر معمولی علمی خدمت کی گواہی دی ہے تو وہ خدمت بیان کریں، تاکہ دوسرے اہل علم بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔ اور اگر حکمران عوام کی توقعات پر پورا نہ اتر رہے ہوں تو اس کا راستہ لوگوں کی شکایات سننے، اختلاف کی گنجائش دینے اور اپنے فیصلوں کی دلیل پیش کرنے سے نکلتا ہے۔ کسی صاحب اقتدار کی ذاتی شہرت بڑھانے یا اس کی پالیسیوں کو سوال سے بالاتر رکھنے کے لیے دین سے منسوب لقب استعمال کرنا علمی روایت کے ساتھ ناانصافی ہو گی۔ ملا ہیبت اللہ کے حق میں یہ لقب تجویز کرنے والے علما کے ذمے اب بھی اس سادہ سے سوال کا جواب ہے کہ انہوں نے اپنے امیر میں وہ کون سی علمی خدمت دیکھی جس کی بنا پر انہیں ”شیخ الاسلام“ کہا؟

متعلقہ مضامین

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور جرمن امپورٹرز ایسوسی ایشن نے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور پائیداری رپورٹنگ کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

November 20, 2026

پاکستان سمیت 16 ممالک نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں اور غزہ امداد میں رکاوٹ ڈالنے والے اداروں پر برطانیہ اور آسٹریلیا کی پابندیوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

November 20, 2026

امریکہ نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ امریکی کمپنیوں سے روزگار اور تربیت کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

November 20, 2026

صحافی سمیع یوسفزئی کی پوسٹ کے تناظر میں شیخ ہیبت اللہ کے احکامات اور سرحد پار دہشت گردی پر ایک نظر؛ کیا کابل حکومت اپنی رٹ کھو چکی ہے؟

November 20, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *