افغانستان کے عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پاکستانی وزیر داخلہ سید محسن نقوی اور اُن کے وفد سے کابل میں ملاقات کی۔
ملاقات میں افغانستان کے نائب وزیر داخلہ مولوی محمد نبی عمری، نائب وزیر برائے سلامتی امور مولوی محمد ابراہیم صدر، انسداد منشیات کے ڈپٹی عبدالحق ہمکار اور پبلک سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی مولوی سید اللہ حماس سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
حقانی نے پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس طرح کے دوروں کو دو طرفہ تعلقات کی بہتری اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے اعتماد کی فضا قائم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین اور زیرِ حراست افراد کے ساتھ باوقار سلوک اور ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ “ہم دو ہمسایہ مسلم ممالک ہیں جن کے درمیان کئی مشترکہ اقدار موجود ہیں۔ ہمیں مثبت تعلقات کی بنیاد مضبوط کرنی چاہیے،” حقانی نے کہا۔
پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر زور دیا اور مشترکہ کوششوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں اور عام شہریوں کو سہولت دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ ملاقات پاک افغان تعلقات میں حالیہ کشیدگی کے بعد اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
دیکھیں: اسحاق ڈار کابل پہنچ گئے، آج سہہ فریقی نشستوں میں حصہ لیں گے