قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع اور سالمیت کیلئے تمام مسالک کے علما اور عوام متحد ہیں۔
اس موقع پر شیعہ کمیونٹی کے رہنما شہنشاہ نقوی نے بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو شیعہ برادری پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی اور ملک کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
کمیٹی کے اعلامیے میں مختلف مسالک اور مسلم ممالک کے درمیان وحدت و اتحاد پر زور دیا گیا اور پاکستان اور ایران کے درمیان ہم آہنگی کو اہم قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی جبکہ مسجد اقصیٰ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ علما نے کہا کہ مسجد اقصیٰ اور دیگر مقدس مقامات کا تحفظ امت مسلمہ کی دینی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علما نے فرقہ وارانہ فتنہ کو مسترد کرتے ہوئے امت کے اتحاد پر زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوششوں پر تشویش ہے اور وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اسرائیل کی جانب سے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اس صورتحال میں علما اور ریاست دونوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
اعلامیے میں پاکستان کو ایٹمی اسلامی ریاست اور امت مسلمہ کا فخر قرار دیتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان یکجہتی کو اہم قرار دیا گیا۔
کمیٹی نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں اجتماعات کے انعقاد کا بھی اعلان کیا جو یومِ تحفظِ حرمین شریفین، یوم القدس اور یوم الاقصیٰ کے عنوان سے منعقد کیے جائیں گے۔۔