وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کی عمارت کو آئندہ چند ماہ میں 5 اسٹار ہوٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ اور سفارشات کی منظوری کے بعد حکومت کو عمارت کا قبضہ مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی۔ عمارت کے معاملے پر کارروائی کے وقت بعض حلقوں نے اعتراضات اٹھائے تھے، تاہم حکومت نے قانونی کارروائی جاری رکھی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری عمارت ہو یا گرین بیلٹ، غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائی ہوگی۔ شہر کی زمینوں پر بڑے پیمانے پر قبضے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں کی حدود میں رہیں اور سرکاری زمین پر تجاوزات ختم کریں۔
اسلام آباد میں ہوٹلوں کی کمی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے کسی بڑی ہوٹل چین کے ساتھ معاہدہ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوٹلوں کی شدید کمی ہے اور یہ عمارت بھی بنیادی طور پر اسی مقصد کے لیے بنائی گئی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمارت کے معاملے میں جن افراد کو نقصان پہنچا، ان کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ تاہم قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم ہاؤس کے عقب میں ایک ہزار ایکڑ زمین واگزار کرائی گئی ہے، جہاں سفاری پارک بنانے کا منصوبہ ہے۔





